بھٹکل، 6؍ جون (ایس او نیوز) سابق رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے بھٹکل ہوناور اسمبلی حلقہ کے عوام کو یقین دلایا ہے کہ کورونا وباء کی مشکل گھڑی میں وہ کسی بھی قسم کی پریشانی یا مایوسی کا شکار نہ ہوں ۔ اس سے پہلے بھی میں نے اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہوں گا ۔
منکال وئیدیا نے سابق وزیر آر وی دیشپانڈے کی طرف سے بھٹکل تعلقہ اسپتال کو عطیہ کیا گیا ساز و سامان فراہم کرنے کے بعد پریس سے بات کرتے ہوئے اعلان کہ "میرے اسمبلی حلقہ میں کورونا بیماری کی وجہ سے جو بچے اپنے ماں باپ سے محروم ہوگئے ہیں ایسے یتیم بچوں کی اگلی تمام تعلیم و تربیت کا پورا خرچ میں اپنی طرف سے برداشت کروں گا۔"
انہوں نے کہا کہ جب میں رکن اسمبلی تھا تو حکومت کی جانب سے مجھے جو آنریریم ملتا تھا اس کی پوری رقم میں غریب بچوں کی تعلیم و تربیت پر خرچ کرتا تھا۔ اس کے بعد اب جو پنش مل رہا ہے وہ ابھی تک میں نے وصول نہیں کیا ہے ۔ دو ایک دن میں وصول کرنے کے بعد اس رقم کو غریبوں کے علاج اور مندر مٹھ وغیرہ کی ضروریا ت پر خرچ کروں گا۔
اس موقع پر بلاک کانگریس صدر سنتوش نائک، ضلع پنچایت کی سابق صدر جئے شری موگیر، کانگریس اقلیتی سیل کے ضلعی صدر عبدالمجید شیخ، اے پی ایم سی صدر گوپال نائک، شریدھر نائک وغیرہ موجود تھے۔